کولکاتہ ،2؍ ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ای ڈی نے بدھ کے روز بنگال کے مشہور نارد اسٹنگ کیس میں چارج شیٹ داخل کیا ہے۔ ای ڈی کی جانب سے دائر چارج شیٹ میں ریاست میں حکمراںجماعت کے دو وزراء کے نام بھی شامل ہیں۔ یہ وزرافرہاد حکیم اور سبرت مکھرجی ہیں۔ یہ چارج شیٹ کولکاتہ کی خصوصی عدالت میں دائر کی گئی ہے۔ان کے علاوہ ترنمول کانگریس کے لیڈران مدن مترا اور سوون چٹرجی کے نام بھی ہیں۔ ان سبھوں کو طلب کیا گیا ہے۔ سوون چٹرجی نے ترنمول کانگریس چھوڑ دی ہے،وہیں مدن مترا سابق وزیر ہیں۔ پولیس افسر ایس ایم ایچ مرزا کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔ ریاست میں حکمراں ٹی ایم سی کے وزراء اور سینئر لیڈروں کے نام چارج شیٹ میں شامل ہونے سے معاملہ ممکنہ طور پر طول پڑ سکتا ہے۔ان سبھوں پر منی لانڈرنگ اور رشوت کے الزامات ہیں۔ای ڈی نے خصوصی عدالت کو ان کے قبول نامہ کے بارے میں بھی آگاہ کردیا۔ ای ڈی نے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ ملزم ، وزیر اور سرکاری ملازم ہونے کے باوجود ایک کمپنی کی حمایت کے رشوت قبول کیا ہے۔ رشوت کی منی لانڈرنگ کے لیے ’حوالہ‘ کا استعمال کیاگیا تھا۔سی بی آئی نے اس سے قبل ترنمول کانگریس کے چار وزراء فرہاد حکیم ، سبرت مکھرجی ، ایم ایل اے مدن مترا اور سابق میئر سوون چٹرجی کو اس معاملہ میں گرفتار کیا تھا ۔ یہ کیس اسٹنگ آپریشن سے متعلق ہے۔ مذکورہ رہنماؤں کی گرفتاری کے بعد بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سخت احتجاج کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ مرکزی ایجنسیاںاس معاملہ میں ان کی پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں۔